ایک نیوز: حکمران جماعتوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بارے میں عمران خان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔۔
ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ضمانتوں کی بارش ہوتے ہی 60 ارب کے چور نے آرمی چیف کے خلاف بیان دیا۔ عمران خان کا بیان ان کے مذموم عزائم کا آئینہ دار اور پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔
بیان پیغام ہے کہ میرے سہولت کار نہ بنے تو آپ کو بدنام کروں گا۔ گھڑی فروش توشہ چور میرٹ پر آرمی چیف کی تقرری کی مخالفت کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بیان پاکستان کے عوام اور فورسز کے قاتل دہشت گردوں کی حمایت کا اعلان عام ہے۔ یہ فوج اور ملک دشمنی کے ایجنڈے کا واضح ثبوت اور اعتراف ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہاگیا ہے کہ یہ فوج اور اس کی قیادت سے ذاتی دشمنی، عناد اور انتقامی جذبےکا واضح ثبوت ہے۔ شمشیر کا باوقار اعزاز رکھنے والے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ایک انتہائی قابل، ایماندار اور پروفیشنل سولجر ہیں۔ فارن فنڈنگ جن مقاصد کے لئے دی گئی، اس پر عمل ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ آرمی چیف کی قیادت میں فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، ایسے میں فوج اور اس کے سپہ سالار پر حملے کئے جارہے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گھٹیا الزامات دہشت گردوں کے خلاف جنگ پر اثرانداز ہونے کی مذموم کوشش ہے۔ پاکستان کے عوام اور ان کی نمائندہ جماعتیں دہشت گردی سے برسرپیکار فوج، اس کی قیادت اور شہداء کے ساتھ ہے اور ان کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف ڈھال ہے۔