ایک نیوز : وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے وطن میں اپنوں نے دشمن بن کر پاکستان کے اداروں اور عسکری تنصیبات پر حملہ کیا۔ کاش یہ دن دیکھنے کے لیے میں اس دنیا میں نہ ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس ہے جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، 75 سالہ تاریخ میں جو دشمن نہ کر سکا وہ عمران نیازی نے کر دیا۔ اس طرح کا کام کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کر کے بد ترین دہشت گردی کا ثبوت دیا گیا۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ سرکاری تنصیبات پر حملہ کرنے والے شر پسند عناصر کو ایسی سزائیں دیں گے کہ وہ قیامت تک یاد رکھیں جائیں گی۔ 72 گھنٹوں میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے تمام افراد کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورکمانڈر ہاؤس کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ایسی دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں، اس المناک واقعے سے قوم غمگین ہے۔ جنہوں نے منصوبہ بندی کی انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ سکیورٹی فورسز نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دیں، عمران خان کا جتھہ دہشت گردوں سے کم نہیں، شرپسندوں کو ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے،دہشت گردی واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔