سیاسی ومعاشی عدم استحکام، سرمایہ کاروں کے ڈیڑھ کھرب ڈوب گئے

May 13, 2023 | 15:16 PM

ایک نیوز:ملک میں سیاسی عدم استحکام کےسبب اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے ڈیڑھ کھرب روپے ڈوب گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پیکیج میں مسلسل تاخیر کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے مندی کے بادل چھائے رہے، حکومت  وعدلیہ کی محاذ آرائی سے سرمایہ کار سائیڈ لائن رہے۔ جس سے سیاسی ومعاشی غیریقینی حالات مارکیٹ پر گہرے اثرانداز رہے۔

گزشتہ ہفتے کے 3سیشنز میں بڑی مندی اور 2سیشنز میں تیزی رہی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر انڈیکس 42000 پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے 1کھرب 43ارب 99کروڑ 65لاکھ 42ہزار 304روپے ڈوب گئے ۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 62 کھرب 12ارب 56 کروڑ 6ہزار 154روپے تک پہنچ گیا۔

مندی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 754.40 پوائنٹس گھٹ کر 41487.58 پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 565.98 پوائنٹس گھٹ کر 14841.95 پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 1739.06پوائنٹس گھٹ کر 71254.42 پر بند ہوا اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 437.28 پوائنٹس گھٹ کر 19771.47 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آئی ایم ایف معاہدے کی عدم بحالی سے نادہندگی کے منڈلاتے بادلوں سے بھی سرمایہ کاروں نے محتاط انداز اپنایا جب کہ ڈالر بحران برقرار رہنے کی وجہ سے شارٹ ٹرم انویسٹمنٹ کا رحجان رہا۔ افراط زر کے بلند سطح پر پہنچنے سے طویل المدت سرمایہ کاری سے گریز کیا گیا۔ سکڑتی ہوئی معاشی سرگرمیوں، امپورٹ پر پابندی سے مارکیٹ میں سرگرمیاں محدود رہیں۔

مزیدخبریں