ایک نیوز: ملیر کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنے پر گرفتار ہونے والے ملزمان کیخلاف عدالت نے مقدمہ خارج کر کے فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج پرسچل تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے 9 کارکنان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
پولیس نے موقف اپنایا کہ ملزمان نے سہراب گوٹھ پر احتجاج کرکے سڑک بلاک کی اور کار سرکار میں مداخلت کی ہے۔خالد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان پرامن احتجاج کررہے تھے۔پرامن کارکنان کے خلاف جلاؤ گھیراو کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئےعدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ خارج کردیا۔ جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔