ایک نیوز: شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کے کمپاؤنڈ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس کمپاؤنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کے کمپاؤنڈ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس کمپاؤنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق گذشتہ شام ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملے کو پسپا کرنے کے بعد شروع کئے گئے پیچیدہ کلیئرنس آپریشن میں کمپاوٴنڈ میں موجود تمام چھ دہشت گرد مارے گئے ، جبکہ رہائشی بلاک سے یرغمال بنائے گئے تین خاندانوں کو بچانے کیلئے اقدامات کئے گئے ، دہشت گردوں نے انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں کو بھی نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک شہری سمیت وطن کے سات سپوت شہیدہوئے جبکہ ایک خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ، سیکویرٹی فورسز نے ضروری انٹیلی جنس فالو اپ ،دہشت گردوں کے روابط کا پتہ لگانے اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کے لئے کارروائیاں جاری رکھیں گی ، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
دریں اثناء کورکمانڈر XII کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی ہسپتال میں عیادت کی۔ جنرل آصف غفور نے جوانوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔