علی امین گنڈاپور اور وزیراعظم کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

Mar 13, 2024 | 19:23 PM

ایک نیوز :وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ 

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے  وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کیا ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہ خیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا،وزیراعظم نے کہا ملک کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا،ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو گی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ  چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں ، مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا،وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے-

مزیدخبریں