ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے’’پنجاب ٹورازم پلان‘‘طلب کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، صوبائی سیکرٹری سیاحت نے ٹورازم اور مذہبی سیاحت کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے پنجاب بھر میں ٹورسٹ سائٹ کی میپنگ کرنے کا حکم دے دیا۔ مریم نواز نے پنجاب میں مذہبی سیاحت کے لئےموجود مقامات کی میپنگ اور سکھ یاتریوں کے لئے مقدس مقامات کی نشاندہی اور ڈویلپمنٹ کے لئے پلان بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں وساکھی میلہ منانے کی تجویز پر اتفاق ہوا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکاکہناتھاکہ پنجاب کو پانچ سال میں ٹورازم حب بنانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ ٹورازم کے فروغ کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ پنجاب میں آنے والے سکھوں اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل ٹورسٹ پیکیج دیا جائے گا۔ پنجاب میں آنے والے ہر سیاح کو انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دینے کے لئے جامع پلاننگ کی جائے، سیاحت کے لئے آنے والے ہر فرد کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے منصب سنبھالنے پر دنیا بھر کی سکھ برادری کے خیرسگالی پیغامات سے آگاہ کیا ۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا، سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری داخلہ،ایم ڈی ٹی ڈی سی پی، ڈی جی آرکیالوجی، جی ایم آپریشنز اور دیگر متعلقہ حکام نےشرکت کی۔