قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری

Mar 13, 2024 | 15:11 PM

ایک نیوز :الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے، قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2، بلوچستان اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 16 سے 18 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 مارچ کو ہوگی، کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل 28 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے، کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست 29 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور انتخابی نشانات 30 مارچ کو الاٹ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پرضمنی انتخابات کل ہونے جا رہے ہیں، بلوچستان کی 3، سندھ کی 2 اور اسلام آباد کی ایک خالی نشست پر پولنگ ہوگی۔سینیٹ کی چھ خالی نشستوں پرضمنی انتخابات کا دنگل کل سجے گا، الیکشن کمیشن نے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

امیدواروں کا فارم 54 جاری کیے جا چکے ہیں، ووٹنگ کا عمل قومی اسمبلی، سندھ اوربلوچستان اسمبلیوں میں ہوگا، تینوں ایوان کے ممبران اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جبکہ پولنگ صبح 9 بجے سے 4 بجے تک جاری رہے گی۔اسلام آبادکی نشست پرسنی اتحاد کونسل کے امیدوارچوہری الیاس مہربان اورپیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی میدان میں اترے ہیں۔

سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن پر پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان اورمحمد اسلم ابڑو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل انتخابات لڑ رہے ہیں۔اس طرح بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے 9 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اورسرفراز بگٹی نے حالیہ انتخابات میں کامیابی پر سینٹرز کے عہدے سے مستعفیٰ ہوئے تھے۔

مزیدخبریں