غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی حملہ،9فلسطینی شہید

Mar 13, 2024 | 00:32 AM

ویب ڈیسک: رمضان المبارک میں اسرائیلی حملے نہ رک سکے ، غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر حملے میں 9فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ سٹی کے جنوب میں امدادی ٹرکوں کے منتظر فلسطینی شہریوں پر صہیونی فوج نے حملہ کیا۔یہ اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ چند دن کے دوران امداد کے منتظر افراد پر اس طرح کا چوتھا حملہ ہے۔
خیال رہے کہ غزہ سٹی کے شہریوں کے لیے امداد کی فراہمی کو صہیونی فوج نے لگ بھگ منقطع کر دیا ہے اور رفح سے بہت کم ٹرک وہاں امداد لے کر پہنچتے ہیں۔شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت سے اب تک کم از کم 27 بچے شہید ہوچکے ہیں۔
وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں بھی اسرائیلی فوج نے ایک شہری کے گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق گھر کے ملبے تلے متعدد افراد موجود ہیں جن کو نکالنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 31 ہزار 45 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 72 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

مزیدخبریں