جلد بوڑھا کر دینے والی روز مرہ کی عام عادات

Mar 13, 2023 | 17:37 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: عمر میں اضافہ ایسا عمل ہے جس کو روکنا کسی کیلئے بھی ممکن نہیں اور ہر گزرتے برس کے ساتھ بڑھاپے کے آثار قدرتی طور پر نمایاں ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  آپ کی چند عادات سے بھی بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہو جاتا ہے۔ ان عادات کے نتیجے میں درمیانی عمر میں ہی بڑھاپا ظاہر ہونے لگتا ہے۔یہ وہ عادات ہیں جو روزمرہ کے معمولات کا حصہ ہوتی ہیں اور اکثر افراد ان پر غور بھی نہیں کرتے۔

اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ درمیانی عمر میں جسمانی طور پر متحرک نہ رہنے سے دماغی حجم میں کمی آتی ہے اور  دماغی حجم میں کمی سے دماغ کی عمر میں تیزی سے اضافے کا عندیہ ملتا ہے۔ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جوانی میں زیادہ وقت اسکرین کے سامنے بیٹھ کر گزارنے سے درمیانی عمر میں دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔

نیند کی کمی
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نیند کی کمی کے شکار افراد کی جِلد پر جھریوں جیسے بڑھاپے کے اثرات نمایاں ہو جاتے ہیں۔ نیند کی کمی اور جِلد کی خراب صحت کے درمیان تعلق موجود ہے اور اس کے باعث لوگ قبل از وقت بڑھاپے کے شکار ہو جاتے ہیں۔

زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
ایک تحقیق میں لاکھوں افراد کے طرز زندگی کا جائزہ لینے کے بعد دریافت کیا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے کسی فرد کے قبل از وقت موت کا خطرہ 4 گنا بڑھ جاتا ہے۔ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے عادی افراد عموماً صحت کے لیے نقصان دہ غذائی عادات کو اپنا لیتے ہیں۔

خود کو بوڑھا تصور کرنا
 اگر کوئی فرد خود کو بوڑھا محسوس کرنے لگے تو وہ جلد بڑھاپے کا شکار ہو جاتا ہے۔اس کے مقابلے میں خود کو جوان محسوس کرنے والے افراد کا بڑھاپے کی جانب سفر سست رفتار ہو جاتا ہے۔ خود کو حقیقی عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرنے والے افراد کے ہسپتال پہنچنے کا امکان دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

پیٹ کے بل سونا
اس طرح سونے کے نتیجے میں مختلف امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔ پہلو کے بل سونے والے افراد میں الزائمر یا دیگر دماغی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

کندھے جھکا کر بیٹھنا
جوانی میں بیٹھنے یا کھڑے ہونے کا ناقص انداز درمیانی عمر میں متعدد تکالیف کا باعث بنتا ہے۔اگر آپ کمپیوٹر کی بورڈ کے سامنے کندھے اور گردن جھکا کر کام کرتے ہیں تو اس سے جسم پر دباؤ بڑھتا ہے جبکہ مسلز کھچاؤ کے شکار ہوتے ہیں جس سے کمر، گردن یا کولہے میں درد کا امکان بڑھتا ہے۔ریڑھ کی ہڈی کو درست پوزیشن میں نہ رکھنے سے ہڈیوں کے مہرے متاثر ہوتے ہیں اور ان پر دباؤ بڑھتا ہے۔

حسد یا کینہ
لوگوں سے حسد کرنا یا ان کی کامیابیوں پر جلنے سے جسم پر بہت زیادہ دباؤ پڑتا ہے جبکہ دماغ پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ دیگر افراد کی باتوں کو دل میں رکھ لینے والے قبل از وقت بڑھاپے کے شکار ہو جاتے ہیں جبکہ جلد موت کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔حسد کرنے یا دل میں بات رکھنے سے بلڈ پریشر بڑھتا ہے جبکہ ڈپریشن کے خطرے کا سامنا بھی ہوتا ہے۔

تمباکو نوشی
تمباکو میں 3800 سے زیادہ کیمیائی مرکبات ہوتے ہیں جو جِلد کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے جسم پر قبل از وقت بڑھاپا طاری ہو جاتا ہے۔تمباکو نوشی کے عادی افراد میں کم عمری میں ہی جھریاں ابھرنے کا امکان دیگر کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔

جنک فوڈ 
جنک یا فاسٹ فوڈ صحت کے لیے نقصان دہ تصور کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں قبل از وقت بڑھاپے کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔جس کی وجہ یہ ہے کہ اس غذا میں جسم کو درکار اجزا کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ صحت کو نقصان پہنچانے اجزا کی بھرمار ہوتی ہے۔

چینی کا زیادہ استعمال اور میٹھے مشروبات
زیادہ میٹھی اشیا کھانے اور میٹھے مشروبات پینے سے جسم کے اندر ورم بڑھتا ہے، زیادہ چینی کے استعمال سے جِلد کی عمر تیزی سے بڑھتی ہے جس کے نتیجے میں جھریاں بن جاتی ہیں، جبکہ جِلد خشک اور کم لچکدار ہو جاتی ہے۔

مزیدخبریں