ایک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستام سیریز کو ٹریننگ گراؤنڈ کے طور پر لے لیا ہے جبکہ افغان سیریز کے لئے پاکستان کے سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔ افغانستان کی سیریز کو ہم ٹریننگ گراؤنڈ سمجھیں گے۔ حکومت کی طرف سے بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ کھیل لیں ہمارا افغانستان کے ساتھ سیریز کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ کپ کی تیاری کرنی ہے اور نوجوان کرکٹرز کو تیار کرنا ہے۔ ہم نے ورلڈ کپ کے لئے ابھی سے کام شروع کرنا ہےاور ہم نے نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ٹیم بنائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سوچا سینئر پلیئرز اور انجرڈ کھلاڑیوں کو آرام دینا چاہیے کیونکہ کچھ کھلاڑیوں کو چھوٹی موٹی انجریز کا سامنا ہے۔ پی ایس ایل کی وجہ سے پلیئرزکا سخت شیڈول چل رہا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ شاہین، بابر، فخر اور رضوان آرام دیا جائے گا، نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا، حارث روؤف سے بھی اس بارے میں بات ہوگئی ہے۔