سلیمان شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس: عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ

سلیمان شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس: عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ
کیپشن: Money laundering case against Sulaiman Shehbaz: Judgment reserved on jurisdiction(file photo)

ایک نیوز: منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق قانونی نکات پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپیشل کورٹ سنٹرل میں سلیمان شہباز سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ سپیشل جج سنٹرل بخت فخر بہزاد نے کیس کی سماعت کی۔ سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر آج دستیاب نہیں اس کی اسلام آباد میں ٹریننگ ہے، ریکارڈ آ چکا ہے۔ عدالت نے امجد پرویز ایڈووکیٹ سے استفسار کیا کہ کیا آپ بریت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے تیار ہیں؟ اس پر امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ میں مودبانہ معروضات پیش کرنے کیلئے تیار ہوں۔

عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ سے تحریری دلائل مانگے تھے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر ٹریننگ پر ہیں، عدالتی حکم پر تعمیل ہو گی۔ سلیمان شہباز کے وکیل دلائل دے دیں، اس کے بعد میں دلائل دے دوں گا۔

عدالت نے دائرہ اختیار سے متعلق قانونی نکات پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔