عدالت نے عمران خان کی تقاریر پر پابندی کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع کردی

Mar 13, 2023 | 12:31 PM

ایک نیوز: عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع کردی گئی ہے۔ عدالت نے وکلاء کو پیمرا کے دائرہ اختیار پر دلائل دیتے ہوئے جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ 

درخواست میں سابق وزیراعظم نے اپنی تقاریر کو نشر کرنے سے روکنے کے اقدام کو چیلنج کر رکھا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ آزادی اظہار کی ضمانت آئین دیتا ہے۔ عمران خان کے اس بنیادی حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو نشر کرنے کی پابندی کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وکلا کو پیمرا کے دائرہ اختیار پر دلائل دیتے ہوئے جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔

اس پر وکیل پیمرا نے کہا کہ پیمرا کا دائرہ اختیار ملک بھر میں ہے۔ عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پیمرا کے کسی اقدام کے خلاف کسی بھی عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کے خلاف حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے درخواست پر سماعت 20مارج تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں