جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٹریفک حادثے میں جاں بحق

جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٹریفک حادثے میں جاں بحق

ایک نیوز:گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال موٹر وے پر حادثے میں چل بسے۔

رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کا کہناہے کہ ان کی وفات کے سوگ میں یونیورسٹی میں تدریسی و انتظامی سرگرمیاں تین روز تک معطل رہیں گی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق  پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال لاہور سے فیصل آباد جا رہے تھے کہ ساہیانوالہ کے قریب ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں وہ چل بسے اور  ڈرائیورکی حالت نازک ہے جسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے ۔


 واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال شماریات کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر مانے جانے والے اسکالر تھے۔انہوں نے یونیورسٹی آف ایکسیٹر، ڈیون، یونائیٹڈ کنگڈم (یو کے) سے اپلائیڈ بایوسٹیٹسٹکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔انہیں تدریس، تحقیق اور انتظامیہ کا 30 سال سے زیادہ کا تجربہ تھا۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں ڈین، ڈائریکٹر، پرنسپل اور پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔پاکستان میں قائم کردہ آپریشن ریسرچ سینٹر اور شماریاتی ڈیٹا بینک سمیت بہت سے ادارے اور مراکز  ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں کئی ماسٹر ڈگری پروگرام شروع کئے۔ وہ دو کتابوں کے مصنف تھے اور معروف قومی اور بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں  ان کے تحقیقی مضامین  بڑی تعداد میں شائع ہوچکے ہیں ۔انہوں نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر بہت سے ریسرچ اسکالرز کی نگرانی بھی کی۔ انہوں نے 24 جولائی 2019 کو جی سی یو فیصل آباد میں بطور وی سی جوائن کیا تھا۔