عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Mar 13, 2023 | 14:39 PM

ایک نیوز: خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان بڑی مشکل میں پھنس گئے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، جج صاحب نے  عمران خان کو 29 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق خاتون جج  زیبا چوہدری کو  دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے اور  حاضری سے  استثنیٰ کی درخواست  دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔ 

قبل ازیں  سول جج رانامجاہد رحیم کا کہنا تھا کہ آج  اگر عمران خان نہیں آتے تو  وارنٹ جاری کردوں گا۔

جج کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتی اوقات میں نہ آئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، بعدازاں سماعت میں 12:30 بجے تک وقفہ  کیا گیا۔ 

وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر ہے۔ آج عدالتی اوقات کار تک عمران خان کا انتظار کرلیتے ہیں۔ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جائیں گے۔ بعدازں کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ سول جج رانا مجاہد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

خیال رہےکہ عدالت نے عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینےکے لیے آج طلب کر رکھا تھا۔ عمران خان کا ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے، اس کے بعد ہی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جائےگی۔

واضح رہےکہ خاتون جج کو دھمکانےکےکیس میں عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔

مزیدخبریں