ظل شاہ کی ہلاکت: پی ٹی آئی نے عدالتی تحقیقات کیلئے درخواست دائر کردی

ظل شاہ کی ہلاکت: پی ٹی آئی نے عدالتی تحقیقات کیلئے درخواست دائر کردی
کیپشن: Death of Zul Shah: PTI files a petition for a judicial inquiry(file photo)

ایک نیوز: پی ٹی آئی نے ظل شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی ہلاکت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں ظل شاہ کی موت کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں پنجاب حکومت، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی ورکر علی بلال عرف ظلے شاہ کو دن دہاڑے قتل کر کے سروس ہسپتال چھوڑ دیا گیا ۔  پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ظلے شاہ پر بدترین تشدد کے نشانات سامنے آئے ہیں۔  ظلے شاہ کو آخری بار پولیس قیدیوں کی وین میں دیکھا گیا ۔ پولیس کے مطابق ظلے شاہ کی ہلاکت کالے رنگ کے ویگو ڈالے کی ٹکر سے ہوئی۔ظلے شاہ کی ہلاکت اہم نوعیت کا معاملہ ہے جس کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔ آئین کا آرٹیکل 9 عوام کی جانوں کی حفاظت کی گارنٹی دیتا ہے ۔ 

درخواست میں عدالت سے ظل شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔اس کے علاوہ استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کمیشن کی کارروائی کی نگرانی بھی خود کرے۔