ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا، عدالت عالیہ نے کہا کہ سی ڈی اے نے 2022 اور 23 میں سابقہ مالک کو نوٹس جاری کیا اور اس کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی جاسکی کہ پرانے مالک کو کیوں نوٹس بھیجے جاتے رہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ نوٹس یا شوکاز نوٹس کے سروس کی کوئی رسید ریکارڈ پر نہیں، سی ڈی اے کا دفتر سیل کرنے کا آرڈر بھی پی ٹی آئی کو نہیں لکھا گیا اور نہ کاپی بھیجی گئی۔ عدالت عالیہ نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں قانون کی خلاف ورزی ہو تو سی ڈی اے کارروائی کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ 3 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔