معروف آن لائن رائڈ سروس ’’ بائیکیا‘‘ ہیک اور بحال

 معروف آن لائن رائڈ سروس ’’ بائیکیا‘‘ ہیک اور بحال

 ایک نیوز : معروف آن لائن بائیک رائیڈ سروس بائیکیا کو ہیک کر لیا گیا۔ تاہم کچھ عرصے بعد یہ بحال ہوگئی ۔

 رپورٹ کے مطابق  متعدد بائیکیا صارفین کو ایپلی کیشن کی جانب سے ایک نامناسب پیغام موصول ہوا، جس میں پاکستان کے حوالے سے ناقبال بیان الفاظ درج تھے۔

 متعدد صارفین نے ٹوئٹر پر ان پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کیے اور چند منٹوں میں ہی یہ ملک میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

 کچھ صارفین کا خیال ہے کہ ایپ کو بھارتی ہیکرز نے ہیک کیا ہے، جبکہ کچھ نے بائیکیا کے دیگر صارفین کو ایپ سے کریڈٹ کارڈز اور دیگر معلومات ہٹانے کو کہا۔

کچھ صارفین کو ایک بالکل مختلف پیغام موصول ہوا، جس میں ہیکر کو ان سے پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ کیا یہ اب بھی ہیکڈ ہے۔

اس کے تھوڑی دیر بعد ایپ پر ایک اور نامناسب پیغام نمودار ہوا۔

 دوسری جانب بائیکیا نے اپنی ایپ کے ہیک ہونے اور پھر اس خرابی کو دُور کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
بائیکیا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بائیکیا اپنی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کسٹمرز کو موصول ہونے والے پیغامات کے لیے معذرت چاہتا ہے۔ بائیکیا کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ یہ واقعہ تھرڈ پارٹی کمیونیکیشن ٹول کے سبب پیش آیا۔ بائیکیا کی ٹیم نے اِس تکنیکی مسئلے کو ٹھیک کر دیا ہے۔‘
بائیکیا نے مزید لکھا کہ ’اب ہماری ایپ آپ کے استعمال کے لیے بالکل محفوظ ہے اور آپ ہمیشہ کی طرح بے فکری کے ساتھ بائیکیا ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔‘