ایک نیوز: پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سمندری طوفان کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان 'بائپر جوائے' سے کراچی، ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں کو خطرہ ہے۔ حکومتِ سندھ سمندری طوفان کی پیشِ نظر چوکس ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اٹھا رہی ہے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عوام خصوصاً ساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں۔ پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہری بھی ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔ ماحول معمول پر آنے تک ماہی گیر آئندہ چند دنوں کے لیے کھلے سمندر میں بلکل بھی نہ جائیں۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ طوفانی بارش کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی قدرتی آفت کے ممکنہ نقصان سے بچنے کا راستہ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں موجود اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سکھ ہوں یا دکھ، عوام کے ساتھ ہے۔ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ پاکستان کے ہر کونے اور ہر پاکستانی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔