ایک نیوز: پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز جیت سے کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں نیپال کو 9 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستانی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیپال کی ٹیم 6وکٹوں پر78 رنز بنا سکی۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کررہی ہیں جبکہ قومی ٹیم گروپ اے میں ہانگ کانگ، نیپال اور بھارت کے ساتھ ہے۔پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 جون کو میزبان ٹیم ہانگ کانگ اور تیسرا میچ 17 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
کپتان قومی ٹیم فاطمہ ثنا ء کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی کو پتہ ہے کہ اس کا کیا رول ہے اب یہ ان کا کام ہے کہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں اگرچہ انفرادی کارکردگی اور مہارت کا اہم رول ہوتا ہے لیکن مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین ہے اور یہ تمام کھلاڑی بڑی باصلاحیت ہیں۔