کیا آپ جانتے ہیں کہ 'بائپرجوائے' کے کیٹی بندر سے ٹکرانے پر کیا ہوگا؟

Jun 13, 2023 | 10:50 AM

ایک نیوز: بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپر جوائے کے زیر اثر  آج سے ٹھٹھہ، بدین، تھرپاکر اور عمرکوٹ میں بارشیں متوقع  ہیں۔

طوفان کے پیش نظر کراچی، حیدرآباد سمیت ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار  اور میرپورخاص میں 14 سے 16جون کے درمیان آندھی اور موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

بائپرجوائے کے کیٹی بندر سے ٹکرانے پر کیا ہوگا؟

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 15جون کی دوپہر تک طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کو عبور کرے گا، کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائیں کمزور عمارتوں اور کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، طوفان کے دوران لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔

طوفان کے اثرات پاکستان میں بھی آنا شروع ، کن علاقوں میں پانی داخل ہوا؟

بپر جوائے کے اثرات بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساحلی علاقوں پر بھی آنا شروع ہوگئے ہیں.

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندری پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا ہے اور سمندری لہریں ساحل کے قریب سڑک تک پہنچ رہی ہیں۔

بپر جوائے ، سمندری طوفان سے کراچی کو کتنا خطرہ ہے؟

 شہر قائد کے حوالے سے  ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے کراچی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں ہے، 15 جون کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات تک ٹکرائے گا، کراچی میں بدھ کی شام سے بارش کا آغاز ہو سکتا ہے۔

زبیر صدیقی نے کہا کہ کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے، بدھ کی شام شروع ہونے والی بارش جمعہ تک جاری رہ سکتی ہے۔

ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق سمندری طوفان کے باعث کراچی میں تیز ہواؤں کا امکان بھی ہے، سائیکلون کا قطر کافی بڑا ہے جس میں کراچی بھی آرہا ہے۔

مزیدخبریں