امریکا:گھرمیں”خلائی مخلوق“کی اطلاع پرپولیس حیران

Jun 13, 2023 | 03:37 AM

ایک نیوز:امریکامیں ایک گھرمیں”خلائی مخلوق“کی اطلاع پرپولیس حیران ہوگئی، علاقے میں کافی جانچ پڑتال کی گئی مگر پولیس اہلکار کچھ بھی دریافت نہیں کرسکے۔

تفصیلات کےمطابق ابھی تک تمام تر کوششوں کے باوجود سائنسدان کسی خلائی مخلوق یا ایلین کو تلاش نہیں کر سکے ہیں، البتہ اکثر مشتبہ اڑن طشتریاں نظر آنے کی رپورٹس ضرور سامنے آتی ہیں۔
اس طرح کے ایک واقعے نے کچھ دن پہلے امریکی شہر لاس ویگاس کی پولیس کو پریشان کر دیا تھا۔
مقامی پولیس کے ایک اہلکار کے باڈی کیم میں آسمان پر پراسرار سبز جھماکے ریکارڈ ہوئے تھے۔
اس روشنی کو لوگوں نے علاقے میں مشتبہ اڑن طشتری سے جوڑ دیا۔
لاس ویگاس پولیس کی اس وائرل فوٹیج میں رات کو آسمان پر سبز رنگ کے جھماکوں کو دکھایا گیا ہے۔
ایک مقامی ٹی وی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ30 اپریل کو رات11 بج کر50 منٹ میں پیش آیا تھا اور اس روشنی کو یوٹاہ اور کیلیفورنیا کے کچھ حصوں میں بھی دیکھا گیا۔
مگر سب سے عجیب چیز تو کچھ اور ہی تھی۔
ایک شخص نے پولیس کو فون کرکے دعویٰ کیا کہ سبز رنگ کے جھماکوں کے بعد اس کے احاطے پر ایلینز نظر آرہے ہیں۔
اس شخص نے کہا کہ 'میرے احاطے میں کچھ ہے، میں جھوٹ نہیں بول رہا، ہم سب خوفزدہ ہیں۔ وہ بہت بڑے ہیں، وہ 8 سے10 فٹ کے ہیں اور ہمیں تو ایلینز لگتے ہیں۔ ان کی آنکھیں بڑی ہیں جس کی وضاحت میں نہیں کر سکتا، ان کی آنکھیں چمکدار ہیں، ہونٹ بڑے ہیں اور یقیناً وہ انسان نہیں۔
وہ سبز روشنی اور آواز تو پولیس کے باڈی کیم میں محفوظ ہوگئے مگر اہلکار احاطے میں کسی مخلوق کی موجودگی کے آثار دریافت نہیں کرسکے جبکہ مشتبہ اڑن طشتری ابھی بھی ایک معمہ ہے۔
اس کال کے بعد علاقے میں کافی جانچ پڑتال کی گئی مگر پولیس اہلکار کچھ بھی دریافت نہیں کرسکے۔

مزیدخبریں