پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چین نے دو ارب ڈالرز کا قرضہ دینے کی تصدیق کی ہے جو کم شرح پر دیا جائے گا اور یہ شرح اس شرح سے بھی کم ہوگی جس پر چین نے اپنے دیگر قریبی دوست ممالک کو قرضہ جات دیے ہیں۔
جمعہ کو دفتر خارجہ میں چین میں پاکستانی سفیر کے توسط سے موصول ہونے والی سفارتی رابطہ کاری میں پاکستانی حکومت کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چائنیز حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو وسیع اور مضبوط کرنا چاہتی ہے۔
سفارتی رابطہ کاری کے مطابق چائنیز قیادت شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ مطمئن ہے کیونکہ انہیں شہباز شریف کے ساتھ اس وقت بھی کام کرنے میں اطمینان حاصل تھا جب وہ وزیراعلیٰ تھے۔
چائنیز قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ ناصرف پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ سرگرمی اور پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ موجودہ وزیراعظم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سفارتی رابطہ کاری میں چائنیز حکومت نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ شہباز شریف ’’اپنے گورننس کے فلسفے‘‘ کی بنیاد پر اُن چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے جو اس وقت پاکستان کو درپیش ہیں۔