ایک نیوز:توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق قبل نیب ٹیم گیٹ 5سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہو ئی تھی، نیب ٹیم کے 2اراکین اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئے ، نیب ٹیم نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتاری ڈالی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا ہے،الزام ہے کہ بطور وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے ، تحائف کم قیمت پر حاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کردئیے۔
اڈیالہ جیل سے نیب کی ایک ٹیم توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰٰ بی بی کی گرفتاری ڈال کر روانہ ہوگئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے مرکزی گیٹ پر روک لیا گیا ،جیل عملے کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن نہیں ہے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے منگل اور جمعرات کا روز مختص کر رکھا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور جیل عملے میں تلخ کلامی ہوئی،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،اعظم سواتی اور انتظار ہنجوتھہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئے تھے، جیل عملے کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کردیا گیاتھا۔
واضح رہے کہ قبل وکیل عمران خان انتظار پنجھوتہ کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے علم میں کوئی نیا کیس نہیں،9مئی کے کیسز میں ضمانت خارج ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے،اللہ کا کرم ہے عدت جیسے کھٹیا کیس سے بری ہوگئے ،بانی پی ٹی ائی کے خلاف کیسز دباو ڈالنے کے لئے بنائے گئے، بانی پی ٹی آئی کو نواز شریف والی سہولیات نہیں دیں، روبکار تھوڑی دیر میں اڈیالہ جیل پہنچ جائیں گئے امید ہے بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائینگے۔