ایک نیوز: ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.11 فیصد کا اضافہ ،ادارہ شماریات نےرپورٹ جاری کردی۔
تفصیلات کےمطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے، مہنگائی کی مجموعی شرح 23.33 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کےجاری کردہ اعدادوشمارکےمطابق ایک ہفتے میں 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے تک اضافہ ہوا، خشک دودھ 390 گرام کی قیمت میں 56 روپے تک اضافہ ہوا،دال چنا فی کلو 11 روپے تک مہنگی ہوئی، تازہ دودھ کی فی کلو قیمت 2 روپے سے زیادہ بڑھ گئی۔
ادارہ شماریات کےاعدادوشمارکےمطابق دال مونگ اور دال مسور کی فی کلو قیمت میں 4 روپے تک اضافہ ہوا،دہی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 10 پیسے کا اضافہ ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا، دال ماش فی کلو تین روپے تک اور لہسن ایک روپے تک مہنگا ہوا،جلانے کی لکڑی، چاول، ایل پی جی گھریلو سلنڈراور گوشت مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 40 روپے تک کمی ہوئی، کیلے فی درجن 4 روپے اور آٹا 20 کلو تھیلا 36 روپے تک سستا ہوا۔