مشن امپوسیبل 7 نے دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے

مشن امپوسیبل 7 نے دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے
کیپشن: Mission Impossible 7 was a worldwide success

ایک نیوز: ہالی وُڈ کی مشہور زمانہ ایکشن تھرلر فلم فرنچائز ’مشن امپوسیبل‘ کی کڑی کی ساتویں فلم ’مشن امپوسیبل،  ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کو یو اے ای سمیت انڈیا اور امریکہ میں ریلیز کر دیا گیا ہے۔

ٹام کروز کی اس فلم کو شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے جبکہ انٹرنیٹ پر اس کے بارے میں مثبت ریویوز پڑھنے کو مل رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’پِنک وِلا‘ نے فلم کے بارے میں اپنے ریویو میں دلچسپ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ’ڈیئر باکس آفس، ٹام کروز اپنے شاندار سنیما سے آپ کو بچانے آیا ہے۔‘

دوسری جانب جمعرات کے روز سے خلیجی ممالک میں ٹام کروز کی فلم ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کی ریلیز کے بعد عرب نیوز کی ٹیم نے فلم کے ہدایتکار اور کاسٹ سے بات کی ہے۔

اس فلم کے کچھ سِین دارالحکومت ابوظبی کے لیوا صحرا اور مڈ فیلڈ ٹرمینل ایئرپورٹ شوٹ ہوئے ہیں جس میں کاسٹ اور عملے نے ابوظبی میں 2021 میں دو ہفتے شوٹنگ کی۔

ابوظبی میں مشن امپوسیبل کی شوٹنگ ابو ظہبی فلم کمیشن اور دیگر مقامی پروڈکشن پارٹنرز کی مدد سے کی گئی۔

مشن امپوسیبل کے ہدایتکار کرسٹوفر مککوئری نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے اس سے پہلے بھی ابوظبی میں شوٹنگ کی تھی۔ ہم نے ’فال آؤٹ‘ اور ’گھوسٹ پروٹوکول‘ کے لیے سکائی ڈائیونگ کے سین یو اے ای میں شوٹ کیے، لہذا ہمارے لیے ماحول جانا پہچانا تھا۔‘

View this post on Instagram

A post shared by The Film Zone (@thefilmzone)

فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل برطانوی اداکار سائمن پیگ کہتے ہیں کہ ’میں ابوظبی کے نئے ایئرپورٹ کے بیگج کمپارٹمنٹ میں بھاگ رہا تھا، جو کہ بڑی کنویئر بیلٹس اور سیڑھیوں کا حصہ تھا۔ میرے دل میں سامان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے اس سے زیادہ عزت پہلے کبھی نہیں ہوئی۔‘

رواں برس جون میں جب مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون کا ابوظبی میں پریمیئر ہوا تھا تو ٹام کروز نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ اب تک کی سب سے بڑی کہانی ہے جو ہم لوگوں کو بتانے جا رہے ہیں۔‘

ہدایتکار کرسٹوفر مککوئری مزید کہتے ہیں کہ ’میں ٹام کروز سے ہمیشہ ہی کچھ سیکھتا رہا ہوں یا پھر ان کے ساتھ کام کر کے کچھ سیکھتا رہا ہوں۔ اگر انہوں نے مجھے کوئی ایک چیز سکھائی ہے تو وہ یہ ہے کہ آپ مزید زیادہ کر سکتے ہو۔ آپ مزید آگے جا سکتے ہو۔ آگے جانے کی کوئی حد نہیں ہے۔‘

مرکزی کاسٹ میں شامل سٹار اداکارہ ہیلی ایٹویل کہتی ہیں کہ ’یہ فلم اپنی ساخت اور صلاحیت کا مان رکھ رہی ہے جو کہ میں سمجھتی ہوں کہ شائقین کو ضرور سمجھ آئے گی جب وہ فلم دیکھیں گے۔ وہ یہ محسوس کریں گے کہ اس فلم کو بنانا کتنا دلچسپ تھا۔‘