ایک نیوز: آن لائن لون ایپس کے حوالے سے ایف آئی اے میں نئی پیشرفت ہوئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ائی اے محسن حسن بٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سائبر کرائم ونگ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں ںے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ لون کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ترجمان کے مطابق سائبرکرائم سرکل راولپنڈی نے متاثرین کو موصول ہونے والی کالز پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ لواحقین کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر انسپیکٹر بدر شہزاد انکوائری کر رہے ہیں۔ ملزمان کی جانب سے کی جانے والی کالز کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا۔ کالرز کی اونرشپ اور لوکیشن کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل راولپنڈی عبدالرؤف کی سربراہی میں ٹیم نے متاثرہ شخص کے گھر کا دورہ کیا۔ سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے اسلام آباد کے علاقے جی ایٹ پر دو مختلف چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ چھاپہ مار کارروائیوں میں متعدد لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز کو قبضے میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے بھی غیر قانونی لون ایپس کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں۔ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے حاصل کردہ معلومات کی روشنی میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لون ایپس کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی لون ایپس کو بلاک کرنے کے لئے پی ٹی اے سے درخواست کی جائے گی۔ غیر قانونی لون ایپس کے جانب سے کی جانے والی آن لائن تشہیر کو بھی بلاک کیا جائے گا۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مؤثر حکمت عمل اپنائی جائے گی۔ شہری لون ایپس کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی صورت میں قریبی سائبر کرائم سرکل وزٹ کر کے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔