ایک نیوز: اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے 3مقدمات میں عدم پیشی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمےکی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات نے کیس کی سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔
عمران خان کے وکیل سردار مصروف خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آج لاہور ہائی کورٹ پیش ہونا ہے،لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے باعث اسلام آباد پیش نہیں ہوسکتے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونا پڑےگا۔
عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں تحریک انصاف کے سربراہ سمیت فرخ حبیب، شبلی فراز اور حسان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کو ذاتی حیثیت میں 19 جولائی کو طلب کرلیا۔