ایک نیوز:عموماً مضرِ صحت غذاؤں کو صحت کیلئے مفید اور صحت پر مثبت اثرات مرتب کرنے والی غذاؤں سے متعلق منفی افواہیں اور خیال پایا جاتا ہے جن سے متعلق جاننا اور متوازن، صحیح غذا کا استعمال کرنا نہایت ضروری ہے۔
صحت سے متعلق اس رپورٹ میں ہم آپ کو کچھ عام غذاؤں سے متعلق بتائیں گے جنہیں جتنا ’غیر صحت بخش‘ قرار دیا جاتا ہے وہ اتنی مضر ہیں نہیں۔
ہم روزانہ کی بنیاد پر صحت بخش اور کچھ مضرِ صحت غذاؤں کا چناؤ کرتے ہیں جیسے کہ سبزیاں، پھل فروٹ کا چناؤ تو مفید ہے مگر منہ کے ذائقے اور دل کے کہنے پر میٹھے کھانے اور کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں بھی کھا لیتے ہیں۔
اِن میں کچھ غذائیں ایسی ہیں جو کہ بلا تحقیق بدنام ہیں مگر صحت کیلئے اتنی بھی مضر نہیں جتنی گردانی جاتی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی غذا کے انتخاب کو غلط نہیں کہا جا سکتا مگر اس کا متوازن استعمال ہی اسے صحیح اور صحت مند غذا بناتا ہے جبکہ ہر چیز کا ضرورت سے زیادہ استعمال منفی ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کھانے کے دوران پلیٹ میں ہر قسم کے غذائی اجزاء اور مرکبات کا صحیح توازن موجود ہونا لازمی ہے اور یہی عادت صحت مند زندگی کو فروغ دیتی ہے۔
غذائی ماہرین کی جانب سے تجویز کردہ کچھ ایسی غذائیں درج ذیل ہیں جو صحت کیلئے اتنی بھی مضر نہیں جتنا اُنہیں مانا جاتا ہے۔
آلو:
آلو دنیا بھر کے ہر باورچی خانے میں دستیاب ہوتے ہیں، آلو شاید سب سے زیادہ ورسٹائل سبزی ہے، بدقسمتی سے یہ اکثر ہماری صحت مند غذا میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ آلو انہیں موٹا اور غیر صحت بخش بنا دے گا اُنہیں اس بارے میں ایک بار دوبارہ سوچنے اور اس سے متعلق جاننے کی ضرورت ہے۔
آلو میں وٹامنز، معدنیات، اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر کی اچھی مقدار ہوتی ہے، اگر اسے صحیح مقدار میں استعمال کیا جائے تو آپ ان تمام فوائد سے لطف اندوز ہو سکتے۔
سفید چاول:
آج جب لوگ صحت مند طرز زندگی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں، سفید چاول کو بتدریج بھورے چاول، باجرا اور بہت سی غذاؤں سے تبدیل کیا جا رہا ہے، اگرچہ غذائی ماہرین جوار اور بھورے چاولوں کے صحت پر فوائد سے انکار نہیں کرتے ہیں لیکن اس سے سفید چاولوں کی خوبی کم نہیں ہو جاتی۔
سفید چاول گلوٹین سے پاک ہیں، یہ آپ کو کافی توانائی فراہم کرتے ہیں اور آسانی سے ہضم ہو جاتے ہیں، یہ آپ کی متوازن غذا میں شامل کرنے کا ایک بہترین آپشن ہے لیکن اِن کا استعمال اعتدال میں رہتے ہوئے کرنا چاہیے۔
چاکلیٹ:
چاکلیٹ غیر صحت بخش غذا نہیں ہے لیکن ہاں! اس کے فوائد سے لطف اندوز ہونے کیلئےآپ کو اس کا دانشمندی سے استعمال کرنا پڑے گا، خاص طور پر ڈارک چاکلیٹ میں اینٹی آکسیڈنٹس، زنک، میگنیشیم، کیلشیم اور کئی دیگر غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو توانائی فراہم کرتے ہیں۔
یہ موڈ کو بہتر بناتی ہے اور دن بھر کیلئے توانائی اور خوشی محسوس کروانے والے ہارمونز کی افزائش میں مدد دیتی ہے۔
انڈے کی زردی:
کیا آپ انڈے کھاتے ہوئے سنہری زردی کو پھینک دیتے ہیں؟
اگر ہاں تو آج ہی ایسا کرنا بند کر دیں! انڈے کی زردی وٹامنز، آئرن، پوٹاشیم، میگنیشیم اور دیگر ضروری غذائی اجزاء سے بھری ہوتی ہے، جب اسے اعتدال میں رہتے ہوئے کھایا جائے تو سفیدی کے ساتھ انڈے کی زردی آپ کو صحت اور ذائقہ دونوں فراہم کرتی ہے۔
کافی:
بہت زیادہ کیفین کا استعمال صحت کیلئے برا سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ اس سے مکمل پرہیز کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’اگر کافی کا استعمال متوازن مقدار میں کیا جائے تو یہ صحت مند ثابت ہوتا ہے ۔‘
رپورٹ کے مطابق روزانہ تقریباً دو کپ کافی کا استعمال ذیابطیس، دل کے مسائل، ڈپریشن اور جگر کے مسائل کے خطرات کو کم کرتا ہے۔