ایک نیوز :بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ نے دورہ پاکستان سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ میچز دیکھنے کیلئے پاکستان جانے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے شاہ کا کہنا تھا انہوں نے ایشیاکپ میچز دیکھنے کیلئے پاکستان جانے پررضامندی ظاہر نہیں کی۔ یہ کسی غلط فہمی کا نتیجہ ہے یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ۔
خیال رہے کہ جے شاہ اور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کے درمیان ڈربن میں گزشتہ روز ملاقات کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کے بی سی سی آئی کے سیکرٹری پاکستان آئیں گے اور ورلڈکپ کے موقع پر ذکاء اشرف بھارت جائیں گے ۔
اُدھر سابق کپتان راشد لطیف نے پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بااختیار لوگ خبریں لیک کرکے کنفیوژن پیدا کرتے ہیں ۔ بھارت کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کی تردید آگئی ۔ یہ رویہ پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔