ایک نیوز:190ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ پھر موخر کردیا گیا اب فیصلہ 17جنوری کو سنایا جائے گا۔
ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ سنایا جا سکا،17جنوری کی نئی تاریخ آ گئی جج ناصر جاوید رانا نو بجے سے ملزمان عمران خان اور بشری بی بی کا انتظار کرتے رہے، بشری بی بی نہ پہنچی، نہ ہی عمران خان عدالت میں پیش ہوئے، نہ ہی ملزمان کے وکلاء پہنچے، جج ساڑھے دس بجے چلے گئے۔
190 ملین پاونڈ ریفرنس میں عدالتی کارروائی کی مکمل تفصیل کے مطابق ریفرنس کا ٹرائل گزشتہ سال 18 دسمبر کو مکمل ہوا ریفرنس کا فیصلہ 2 مرتبہ موخر ہوا ، ریفرنس ٹرائل 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا، 23 دسمبر تک فیصلہ محفوظ کیا گیا 23 دسمبر کو فیصلہ 6 جنوری تک موخر ہوا 6 جنوری کو فیصلہ 13 جنوری تک موخر ہوا تھا ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس ٹرائل ایک سال کے وقت میں مکمل ہوا، ریفرنس کے کل 8 ملزمان تھے جن میں 6 بیرون ممالک میں فرار ہیں عدالت نے فرحت شہزاد گوگی، زلفی بخاری، نرزا شہزاد اکبر سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا صرف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے ٹرائل کا سامنا کیا۔
190ملین پاونڈ ریفرنس1دسمبر 2023 کواحتساب عدالت میں فائل ہوا، 6 جنوری 2024 کو ریفرنس کے 6 ملزمان مرزا شہزاد اکبر، فرحت شہزادی وغیرہ کو اشتہاری قرار دیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر 27 فروری 2024 کوفرد جرم عائد ہوئی۔
نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈکروائے، نیب نے24گواہان غیر ضروری قرار دے کر ترک کیا، بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے 35 گواہان پر جرح بھی کی گئی 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان،سابق وزیراعلی پرویزخٹک، زبیدہ جلال گواہی دینے والوں میں شامل تھے۔
ریفرنس کی سماعت کے دوران تین ججز تبدیل ہوئے، ریفرنس کے تفتیشی افیسر میاں عمر ندیم پر 38 سماعتوں کے بعد وکلا صفائی نے جرح مکمل کی، ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت نے15 مواقع فراہم کیے، ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا۔ بشری بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری ٹرائل احتساب عدالت جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کی تھی ملزمان کی، درخواست بریت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو فیصلہ کا اختیار دیا تھا ،ملزمان کی جانب سے 16 گواہان کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کی تھی ۔
نیب کی جانب سے 6 رکنی پراسیکیوشن ٹیم نے کیس کا ٹرائل میں حصہ لیا ،نیب ٹیم ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں پیش ہوتی رہی دیگر میں سپیشل پراسیکیوٹر امجد پرویز، سپیشل پراسیکیوٹر سہیل عارف، عرفان بولا، بیرسٹر اویس ارشد، چوہدری نواز شامل تھے ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے ڈیفنس وکلاء میں بیرسٹر سلمان صفدر، چوہدری ظہیر عباس عثمان گل، خالد یوسف چوہدری و دیگر پیش ہوتے رہے۔

کیپشن: £190m reference: decision postponed again, now to be heard on January 17