سپریم کورٹ کا فیصلہ :تحریک انصاف نے پلان سی کا اعلان کردیا 

سپریم کورٹ کا فیصلہ :تحریک انصاف نے پلان سی کا اعلان کردیا 
کیپشن: سپریم کورٹ کا فیصلہ :تحریک انصاف نے پلان سی کا اعلان کردیا 

ویب ڈیسک :سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصا ف نے اپنے پلان سی کا اعلان بھی کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے چیئر مین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاعلان کیا کہ تحریک انصاف کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ایک ایک صفحے کی چودہ درخواستیں کروڑوں عوام کے حق پر حاوی ہوئیں ،12کروڑ میں سے 10کروڑ ووٹر تحریک انصاف کیساتھ ہیں ، بلارہے نہ رہے عوام بانی تحریک انصا ف عمران خان کی آواز پر ووٹ دیں گے ۔

بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ ہم فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی اپیل کریں گے ۔ عدلیہ کا کام ہے کہ سب لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرے ۔ہم اپنے امیدواروں کی نئی لسٹ بنائیں گے اور مہم چلائیں گے ۔ہم اپنے امیدواروں کو انتخابی نشانات کے ساتھ سامنے لائیں گے۔اس فیصلے سے ہماری مخصوص نشستیں چلی گئی ہیں ۔اس فیصلے سے انتخابی کرپشن کا راستہ کھلے گا۔

اس موقع بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ صرف انتخابی نشان چھینا گیا،ہمارے امیدواروں کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا گیا،ہم الیکشن ضرورلڑیں گے۔ہم نے اسٹریٹجی بنائی ہوئی ہے۔کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کی الاٹمنٹ کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیدیا ، تحریک انصاف بلے کے نشان پر انتخاب نہیں لڑ سکے گی۔

 چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ کوئی شواہد نہیں ملے کہ پی ٹی آئی نے شفاف الیکشن کرائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل منظور کرتے ہیں۔