ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نےدعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار کے ساتھ 2 ہفتے قبل معاہدہ ہوا۔
تفصیلات کےمطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاہدے پر اختر اقبال ڈار کے دستخط موجود ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے اختر اقبال کے ساتھ تعلقات تھے، اسی کی بنیاد پر ہم نے ان سے بات کی۔ پتا نہیں یہ پریس کانفرنسز کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔رؤف حسن نے کہاکہ اختر اقبال ڈار نے ہم سے بہت زیادہ سیٹوں کی ڈیمانڈ کی تھی۔ بعد میں ہمارے چیئرمین نے ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کی۔
پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات کے مطابق پھر اختر اقبال ڈار نے کہاکہ آپ کا مقصد نیک ہے ہم اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اختر اقبال نے ہم نے 4 سیٹوں کی ڈیمانڈ کی جو شیخوپورہ میں ہیں۔ ان کے ساتھ معاہدہ ہے کہ شیخوپورہ سے ہمارے امیدوار دستبردار ہو جائیں گے۔رؤف حسن نے کہاکہ اختر اقبال ڈار کے ساتھ بھی وہی ہوا ہے جو باقی پریس کانفرنس کرنے والوں کے ساتھ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہونے کے آخری روز پی ٹی آئی نے امیدواروں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ پی ٹی آئی نظریاتی کی طرف سے جاری کیے گئے ٹکٹ آراو آفس میں جمع کرائیں۔اب چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جعلی ٹکٹ جمع کرائے ہیں ہمارا ان کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔