ایک نیوز :تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمارے جعلی ٹکٹس جمع کرائے ہیں ۔ مجھے نہیں پتہ پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے ٹکٹس کہاں سے لئے ؟
تفصیلات کےمطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف نظریاتی کے امیدواروں کو ٹکٹ میں نے خود جاری کئے ،مجھے نہیں پتہ پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے ٹکٹس کہاں سے لئے ؟ ہم آراوز کو تحریک انصاف نظریاتی کے امیدواروں کی فہرست دیں گے ۔
اختراقبال ڈار کا کہنا تھاکہ چند سالوں میں محسوس کیا کہ شفافیت اور سچائی پی ٹی آئی میں نہیں، صحیح سمت کی طرف جانے والوں کے لیے پی ٹی آئی (ن) بنائی، تحریک انصاف نظریاتی کا اپنا منشور اور پروگرام ہے، جب تک سزا اور جزا کا نظام لیکر نہیں بڑھیں گے، ملک آگے نہیں جاسکتا۔ 2018 سےانتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کررہےہیں، پی ٹی آئی ارکان ہمارے ٹکٹ لے کر گھوم رہے ہیں یہ میرے لیےحیران کن ہے، ہم اصل پی ٹی آئی ہیں ،دیگر سب کرپٹ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی (نظریاتی) کا کہنا تھا کہ میرا کسی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا ، ملکی وسائل لوٹنے کی نئی صف بندی ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمارے ٹکٹ پر بلے باز کا نشان واضح ہے، کسی پارٹی کا امیدوار دوسری پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کر سکتا اور پارٹی ٹکٹ سے متعلق ہمارا کسی جماعت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا لہٰذا الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ جنھوں نے جعلسازی کی ان کو پکڑے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے ایک ٹی وی پروگرام میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اختر اقبال ڈار سے دو ہفتے قبل معاہدہ ہوا تھا اور انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے دفتر میں بیٹھ کر ٹکٹوں پر دستخط کیے تھے۔