بلوچستان میں کھیلوں کے حوالے سے تاریخ رقم

ایک نیوز: بلوچستان میں کھیلوں کے حوالے سے تاریخ رقم،پاک فوج اور حکومت پاکستان کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے لے کر کھیل، تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔
تفصیلا ت کے مطابق  سال2023 کے دوران بلوچستان میں تاریخ میں پہلی بار  کھیلوں کے30بڑے مقابلے منعقد کئے گئے۔ بلوچستان بھر میں سال2023کے دوران 30 سے زیادہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن کا آغاز جنوری میں گوادر اسپورٹس فیسٹیول اور بیچ گیمز سے ہوا، جو گزشتہ سال 20 سے 27 جنوری تک جاری رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل  کا نمائشی میچ 5 فروری کو کوئٹہ میں کھیلا گیا جس میں شائقین کرکٹ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس کے علاوہ 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر خواتین کے کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔محکمہ کھیل نے پہلے بلوچستان گیمز کا انعقاد کیا جو کہ 20 فروری سے 11 مارچ تک بلوچستان کے تمام اضلاع میں منعقد ہوئے اور ان کا فائنل راؤنڈ 12 سے 20 مارچ2023 تک کوئٹہ میں منعقد ہوا۔رمضان کے مہینے میں کوئٹہ میں 9 اپریل سے 26 اپریل2023 تک رمضان اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیاجبکہ جون2023 کے دوران سیکرٹری سپورٹس اسحاق جمالی انڈر 13 کرکٹ ٹورنامنٹ بھی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔

آل بلوچستان چیف منسٹر کرکٹ ٹورنامنٹ کا بھی 20 سے 26 جون2023 تک انعقاد کیا گیا اورجولائی2023 میں خواتین کی آل کوئٹہ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 18 سے 20 جولائی تک منعقد ہوئی۔یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں 8 سے 14 اگست 2023تک آل پاکستان آزادی کرکٹ گولڈ کپ اور  10 سے 14 اگست2023 تک بلوچستان کے تمام اضلاع میں آزادی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

محکمہ کھیل نے 13 ستمبر2023 کو نیشنل گیمز میں بلوچستان کے لیے تمغے جیتنے اور شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کی تقریب کا بھی اہتمام کیا ۔ستمبر2023 کے دوران کوئٹہ سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ انڈر 13 اور انڈر 16 کا انعقاد کیا گیا جو 10 ستمبر سے یکم اکتوبر 2023تک جاری رہا۔19 ستمبر سے 8 اکتوبر2023 تک پاکستان کے سب سے بڑے فٹبال میں آل پاکستان  چیف منسٹر بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 60 سے زیادہ ٹیمز نے حصہ لیا۔

آل پاکستان، بلوچستان بین الصوبائی خواتین والی بال چیمپئن شپ کا انعقاد 5 سے 9 اکتوبر2023 تک کیا گیا جس کے تسلسل میں 11 سے 17 اکتوبر تک 53 ویں قومی والی بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔26 اکتوبر سے یکم نومبر 2023تک محکمہ کھیل کی جانب سے شہید نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز کیا گیا ۔اس دوران آل بلوچستان انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ دو حصوں میں 24 اکتوبر سے 2 نومبر2023 تک خضدار اور کوئٹہ میں منعقد کیا گیا اور فائنل راؤنڈ کوئٹہ میں کھیلا گیا۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی انڈر 10 ویمنز فٹسال ٹورنامنٹ 4 سے 6 نومبر 2023تک منعقد ہوا اور جبکہ جنوبی بلوچستان اسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر فیسٹیول گزشتہ سال کے آخر میں منعقد ہوا جو 11 سے 15 دسمبر2023 تک جاری رہا۔ پاکستان اور بلوچستان کے کھلاڑیوں، کھیلوں کی تنظیموں اور بلوچستان کے عوام نے 34ویں نیشنل گیمز کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔