ایک نیوز : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی جس کی ہمیں خوشی ہے مگر الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
لیگی رہنما احسن اقبال کا لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ پاکستان میں سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 16 ارب ڈالر لگایا گیا۔ دوست ممالک پاکستان کی سپورٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔ جنیوا میں پوری دنیا نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالرکی امداد کا اعلان ہوا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے لوگ ہیں جو مسلسل ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے ہیں۔ مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اکانومی کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، سیاست بعد میں کر لیں گے پہلے ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا۔
احسن اقبال نے مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی بارودی سرنگوں کوڈیفیوز کر رہے ہیں۔ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ایکسپورٹ کے انجن کو پوری سپیڈ کے ساتھ چالو کرنا ہوگا۔32 ارب ڈالرکی ایکسپورٹ کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہوگا۔
اسمبلیوں کی تحلیل سے فرق نہیں پڑتا،الیکشن وقت پرہوں گے،احسن اقبال
Jan 13, 2023 | 18:34 PM