ایک نیوز: لاہور میں دو دن کے وقفے کے بعد آٹے اور مرغی کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہر میں مرغی کی قیمت 18 روپے بڑھ کر 489 روپے کلو ہوگئی جب کہ گندم کی قیمت کم ہو کر 3900 روپے من پر آگئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود فلور ملز مالکان آٹے کی قیمت کم کرنے پر تیار نہیں جس کے باعث 15 کلو کمرشل آٹے کا تھیلہ پھر بڑھ کر 1900 روپے کا ہوگیا۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہےکہ عام دکانوں پر آٹے کے تھیلے کی قلت بھی برقرار ہے جبکہ چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ قیمتیں کم کرانے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ مارکیٹ اعلامیے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت میں 70 روپے فی کلو کمی آئی تھی، فی کلو مرغی کے گوشت کی قیمت 504 روپے پر آ گئی تھی۔
پنجاب میں گندم کی قیمت بھی مزید کم ہو کر 3800 روپے من ہو گئی تھی جبکہ جنوبی پنجاب میں گندم کی قیمت 3500 روپے من ہیں۔گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود بازار میں آٹے کی قیمت کم نہ ہو سکی، چکی اور فلور ملز مالکان قیمت کم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اور کمشنر سرکاری آٹے کی قیمتوں پر عمل نہیں کرا پا رہے، دکاندار آٹے کی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
لاہور شہر میں بیف اور مٹن بھی مہنگا فروخت ہو رہا ہے، اور اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ بیف اور مٹن سرکاری نرخوں سےکئی گنا مہنگا بیچا جا رہا ہے لیکن کوئی چیک کرنے والا ہی نہیں ہے۔