کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافہ

کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافہ
کیپشن: کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافہ

ایک نیوز: کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں،شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے وقت بھی تیز ہوائیں برقرار رہ سکتی ہیں جبکہ رات کے وقت ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہے۔

سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر غیر فعال ہیں،سردی بڑھتے ہی شہر میں گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، تقریباً 40 فیصد علاقوں میں کھانے کے اوقات میں بھی گیس غائب ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب وادی کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑنے کی وجہ سے کاغان سے آگے کے علاقوں میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفانی تودے گرنے سے لوات بالا، سب ڈویژن شاردہ کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

شونٹھر اور گریس ویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور موبائل سروسز معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔