ایک نیوز:دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان دورے کی خبر مفروضے پر مبنی ہے، جس پر تبصرہ نہیں کیا جاتا۔
اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، اور بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی افراد کو زمین خریداری کا اختیار دے دیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے توازن میں تبدیلی کر رہا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی زرعی زمینوں پر قبضے کروا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے بارے میں مضمون مفروضے پر مبنی ہے، مفروضے پر مبنی مضمون پر تبصرہ نہیں کرتے، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ایشوز پر بات میں مہینوں لگتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کابل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغان عبوری وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو 16 سے 20 جنوری تک ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے، اور حنا ربانی کھر کے ہمراہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔