ایک نیوز: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری مسعود کے خلاف انحراف کے ڈیکلیریشن کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 18 جنوری کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان 18جنوری کو خود یا بذریعہ وکیل پیش ای سی پی میں پیش ہوں کیونکہ پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری مسعود کے خلاف انحراف کا ڈیکلیریشن آپ کی طرف سے موصول ہوا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے زریعے یہ ڈیکلیریشن بھیجا گیا اور اب معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہے اس لیے الیکشن کمیشن نے 18 جنوری کی تاریخ سماعت کے لۓ مقرر کی ہے۔
ای سی پی نوٹس کے مطابق عمران خان کو مقررہ تاریخ کو دن 10 بجےکمیشن کے رو برو پیش ہونے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ نوٹس میں کہا گیا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں آپ کی عدم موجودگی میں کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ عمران خان کو نوٹس بنی گالہ کے پتے پر بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرلیا ہے۔
ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، علیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین ، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار وڑائچ، نزید احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمی کاردار، ملک اسد، اعجاز مسیح، سبتین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل تھے۔