ایک نیوز: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹرویز سمیت اہم شاہراہوں کو سفر کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن ، لاہور ملتان موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم،ایم 5 ملتان سے روہڑی تک اور موٹروے ایم الیون کو لاہور سے سیالکوٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
دوسری جانب شدید دھند اور حد نگاہ میں کمی کے باعث قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ پر شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کےکی وجہ سے کئی ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں جب کہ رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔
شدید دھند کی وجہ سے ٹرین آپریشن بھی 7 سے 8 گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث شدید سردی میں مسافر ریلوے اسٹیشنوں پر موسم کی شدت سے بے حال ہیں۔
ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد اور روانگی کا صیح وقت جاری نہ ہونے سے مسافروں کو شدید سرد موسم میں پلیٹ فارموں پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔