پی ٹی آئی آزادارکان کو مجلس وحدت مسلمین میں خوش آمدید،ناصرعباس

Feb 13, 2024 | 23:50 PM

ویب ڈیسک:سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی آزادارکان کو مجلس وحدت مسلمین میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس نے ٹویٹ(ایکس )پرلکھا کہ مجلس وحدت مسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ہم اسے بلامشروط اورمن و عن قبول کریں گے۔ ہمارا روز اول سے یہ موقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے۔ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔

راجہ ناصرعباس کاکہنا تھا کہ   پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد ، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری،سرحدوں کےتحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کے حصول بیانیہ کی بنیاد پر ہے جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔ عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار اور باوقار ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں