ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن،پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم ،استحکام پاکستان پارٹی،ق لیگ نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق صدر کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر حکومت سازی کیلئےا تحادی جماعتوں کی بڑی بیٹھک ہوئی۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا اتحادیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب جماعتیں مل کر پاکستان کو مشکل حالات سے نکالیں گی ۔چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی مفاہمت میں شامل ہوں۔سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔الیکشن میں مخالفت ہوتی ہے لیکن کسی سے ذاتی اختلاف نہیں ۔
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کاکہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیں یہاں مدعو کیا۔شاندار میزبانی بھی کی۔انتخابات کے بعد پارلیمانی معرض وجود میں آنیوالی ہے۔ہماری جنگ اب ملک کو درپیش مسائل کے ساتھ ہے۔ملک کی معیشت کو دوبارہ کھڑا کرناہے۔جب لیڈر شپ طے کرلے تو کوئی وجہ نہیں کہ م سائل حل نہ ہوں۔آئی ایم ایف معاہدے نے ملک کو کچھ استحکام بخشا۔انتخابات میں سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ آزاد ارکان اگرحکومت بناناچاہتے ہیں تو اپنا مینڈیٹ سامنے لائیں۔ہم سب مل کر ملکی مسائل حل کرنے کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔مشکلات بہت زیادہ ہیں لیکن ناممکن نہیں۔ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانےکا کریڈٹ پوری پی ڈی ایم کو جاتاہے۔پی ڈی ایم نے 16ماہ کی حکومت میں ملک اورعوام کی خدمت کی۔مولانافضل الرحمان مجلس شوریٰ کے اجلاس کی وجہ سے شامل نہیں ہو سکے۔
صدر مسلم لیگ ن کاکہنا تھاکہ کمیٹی بنائے جائے گی جورولز آف گیم کا فیصلہ کرے گی۔تمام فیصلے اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے ہوں گے ۔سندھ میں پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ ہے جس کا احترام کرتے ہیں۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ نوازشریف وزیراعظم کاعہدہ قبول کریں۔مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی ۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ 25کروڑ عوام کی ترقی کیلئے ہم تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیں۔اپنی ذات ،انا کا مسئلہ ختم کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجائے گا۔ملکی استحکام کیلئے مشکل اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔میں سب کو چارٹرآف ڈیموکریسی تشکیل دینے کی دعوت دیتا ہوں۔
ایم کیو ایم کے کنونیئرخالدمقبول صدیقی کاکہنا تھا کہ ہمارے درمیان اختلافات بھی ہوسکتے ہیں مگر پاکستان سے زیادہ کوئی ترجیح ہم سب کیلئے نہیں ہے۔ہم سب مل کر باہمی تعاون سے جمہوریت مضبوط کریں گے ہم نے شہبازشریف کا پہلے بھی ساتھ دیا ہے اب بھی دیں گے۔ہم نے ہمیشہ وعدہ پورا کیا وعدہ کی خلاف ورزی نہیںکی ہے ۔سب مل کر پاکستان کو مشکل سے نکلانے کیلئے اپنے اپنے سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کو بچانے کیلئے اقدامات کریں گے تو پاکستان کو ترقی کی راہ پر لے جائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کاکہنا تھا کہ ہماری بیٹھک کا مقصد تھا کہ پاکستان کو مضبوط کریں۔میں اپنے قائد خالد مگسی کی قیادت کررہا ہوں۔بلوچستان نیشنل پارٹی میاں صاحب کے ساتھ کھڑی ہے ۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کاکہنا تھا کہ چودھری شجاعت کا مشکور ہوں کہ انہو ں نے ہمیں یہاں مدعو کیا آج کے بعد پاکستان کے حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔ پاکستان مشکل دور سے گزر رہاہے۔غریب کے حالات بہت خراب ہے۔مہنگائی میں بری طرح پسہ ہواہے۔الیکشن مہم ختم ہوئی تو اندازہ ہوا کہ عوام کتنی مشکل میں ہے۔ اب ایسے فیصلے کرنا ہوں جو عوام کی خاطر ہوں گے۔امید ہے شہبازشریف کی حکومت عوام کی بہتری کیلئے کام کرے گی ۔
سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین کاکہنا تھا کہ اکنامک ایجنڈا نمبرون ہوناچاہیے۔باقی مسائل بعد میں حل کئے جائیں۔
ن لیگ،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم ، ق لیگ کا مل کرحکومت بنانے کا اعلان
Feb 13, 2024 | 22:15 PM