ایک نیوز : سپریم کورٹ نے جڑانوالہ واقعے پر پنجاب حکومت سے نئی رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،سپریم کورٹ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور پیمرا کو نوٹس جاری کر دیا ،عدالت نے وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں انتہاپسندی،تشدد، دہشتگردی، مذہبی فرقہ واریت اور نفرت کے خاتمے کے لیے حکومت اور بالخصوص میڈیا کردار ادا کرے، میڈیا پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 20 کے تحت مذہبی ہم آہنگی سےمتعلق خصوصی پیغامات کو نشریات کا حصہ بنائے۔
سپریم کورٹ کی آرڈر میں پنجاب پولیس کے کنڈکٹ پر سخت آبزرویشنز ،جڑانوالہ واقعے کے اصل کرداروں کا پنجاب پولیس کو معلوم ہے لیکن وہ کمزوری اور بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے، حملہ آوروں کو نا روک کر پولیس نے اپنے اوپر سے عوامی اعتماد ختم کیا، بظاہر پنجاب پولیس جڑانوالہ واقعے کے حملہ آوروں سے خوفزدہ دکھائی دی، پنجاب پولیس جڑانوالہ واقعے کی تحقیق پر خاطر خواہ رپورٹ نا دے سکی تو متعلقہ پولیس افسران کو معطل یا فارغ کیا جائے گا۔