ویب ڈیسک :پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی تقریبِ رونمائی لاہور میں واقع پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، فرنچائز مالکان، ایچ بی ایل کے نمائندوں اور اسٹار کرکٹرز نے شرکت کی۔
تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے، ٹرافی کو ’دی اورین ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے نویں سیزن میں داخل ہو رہا ہے۔ امید ہے یہ ٹونامنٹ اچھا رہے گا، ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ میں نے تاحال پوری طرح سے عہدہ نہیں سنبھالا ہے، مگر ٹیم سے تمام آگاہی لیتا رہتا ہوں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان 12 جنوری کو کردیا گیا تھا جس کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔