ٹوئٹر پر پرانے بلیو ٹک جلد ختم کرنےکاعندیہ

ٹوئٹر پر پرانے بلیو ٹک جلد ختم کرنےکاعندیہ
کیپشن: Plan to remove old blue ticks on Twitter soon

ایک نیوز:مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نےپرانے بلیو ٹک ختم کرنے کا عندیہ دیدیا۔

واضح رہے کہ ایلون مسلک نے نومبر 2022 میں ہی عندیہ دیا تھا کہ پلیٹ فارم پر پہلے سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے بلیو ٹک چند ماہ میں ختم کردیے جائیں گے۔

تاہم اب ایلون مسک نے واضح کیا ہے کہ جن اکاؤنٹس کو پہلے سے بلیو ٹک ملا ہوا تھا، ان کا بلیو چیک مارک جلد ختم کردیا جائے گا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کی کمائی بڑھانے کے لیے دسمبر 2022 میں پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کی سروس ٹوئٹر بلیو متعارف کرائی تھی، جس کے تحت صارفین ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک حاصل کرتے ہیں۔

ٹوئٹر بلیو کی سروس امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ اور جاپان سمیت ڈیڑھ درجن کے قریب ممالک میں متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اسے جلد ہی دیگر ممالک تک بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

پیسوں کے عوض بلیو ٹک حاصل کرنے کی سروس تاحال پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں متعارف نہیں کرائی گئی لیکن امکان ہے کہ رواں برس تک مذکورہ سروس کو درجنوں ممالک میں پیش کردیا جائے گا۔

ایک طرف ایلون مسک جہاں پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کی سہولیات متعارف کرا رہے ہیں، وہیں دوسری جانب انہوں نے ایک بار پھر پرانے بلیو ٹکس کو ختم کرنے کا دوبارہ اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک نے پرانے بلیو ٹکس کو ختم کرنے کا اعلان ایک صارف کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ پرانے بلیو ٹکس کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد ختم کردیا جائے گا۔

 ایلون مسک کو صارف نے بلیو ٹک سے متعلق ایک ٹوئٹ پر مینشن کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ٹوئٹر پر بلیو ٹک حاصل کرنا مذاق بن چکا ہے اور پیسوں کے عوض ہر کوئی اسے حاصل کر رہا ہے۔

ایلون مسک نے صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کے عمل کا دفاع کرتے ہوئے پرانے بلیو ٹکس کو جعلی قرار دیا۔