ایک نیوز :بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جانب سے 31 ماہ میں پہلی مرتبہ ترسیلات زر کا ماہانہ حجم 2 ارب ڈالر سے نیچے آگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2023 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھجوائیں۔
جنوری میں پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 40 کروڑ 76 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔متحدہ عرب امارات سے 26 کروڑ 92 لاکھ ڈالر ، برطانیہ سے 33 کروڑ 4 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 21 کروڑ 39 لاکھ ڈالرز کے مساوی رقم موصول ہوئی۔
جنوری 2023 میں کارکنوں کی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 9.9 فیصد اور سال بسال بنیادوں پر 13.1 فیصد کمی ہوئی۔
مالی سال 23-2022 کےابتدائی 7 ماہ میں مجموعی طور پر 16 ارب ڈالر کی آمد ہوئی، اور ترسیلات زر میں گذشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 11 فیصد کمی ہوئی۔
واضح رہے کہ مئی 2020 میں پاکستان کو ایک ارب 86 کروڑ ڈالر کے ترسیلات زر موصول ہوئے تھے، جس کے بعد کسی بھی مہینے ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے کم نہیں رہا۔