ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن کروانے کے فیصلے کے بعد ہلچل، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبے میں عام انتخابات کروانے کیلئے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی طرف سے اجلاس 14 فروری کو گورنر ہاؤس میں بلایا گیا ہے، اجلاس لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کی روشنی میں الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق طلب کیا گیا ہے۔
گورنر ہاؤس میں بلائے گئے اہم مشاورتی اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات پر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کا وفد بھی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کرے گا جس کے لیے الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں وفد گورنر پنجاب سے الیکشن تاریخ پر مشاورت کرے گا، الیکشن کمیشن کے وفد میں سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور ڈی جی لاء شریک ہوں گے۔