آڈیو لیکس اسکینڈل، شوکت ترین کیخلاف مقدمہ درج

Feb 13, 2023 | 13:36 PM

ایک نیوز:شوکت ترین کی مبینہ آڈیو کا معاملہ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ آڈیو کی بنیاد پر شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مبینہ آڈیو میں شوکت ترین ،تیمور سلیم جھگڑا اور محسن لغاری سے گفتگو کر رہے ہیں۔ 

ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ آڈیو میں بدنیتی پر مبنی گفتگو کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔شوکت ترین کے خلاف مقدمہ دفعہ 124 اور 505 کے تحت درج کیا گی۔اشوکت ترین کی آئی ایم ایف کے حوالے سے آڈیو لیک ہوئی تھی۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین نے ایف آئی اے کو تسلی بخش جواب نہیں دیئے۔تحقیقات کے دوران شوکت ترین کو طلبی کے سمن جاری کیے گئے تھے۔شوکت ترین کے خلاف مقدمے کا مدعی ارشد محمود ولد غلام سرور ہے۔مقدمے میں تیمور سلیم جھگڑا،محسن لغاری کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ میں درج ایف آئی آر کے مطابق مبینہ آڈیو میں تیمور سلیم جھگڑا اور محسن لغاری سے شوکت ترین گفتگو کر رہے ہیں، مبینہ آڈیو میں بدنیتی پر مبنی گفتگو کی گئی۔ مبینہ آڈیو میں شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ وفاقی حکومت کو سرپلس بجٹ واپس نہ کیا جائے۔گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بتایا تھا کہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ایف آئی اے نے شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی۔

دوسری جانب شوکت ترین کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ ابھی ملک میں موجود نہیں ہیں۔گزشتہ چند روز سے شوکت ترین متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں اور انہوں نے وطن واپسی غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دی ہے۔ 

مزیدخبریں