ڈیفالٹ ہوئے ملک میں مشہور کافی برانڈ کی ریکارڈ سیل

Feb 13, 2023 | 13:07 PM

ایک نیوز: ڈیفالٹ ہوئے ملک میں شہریوں کے عجیب رویے نے عالمی دنیا کو حیران کردیا۔ کینیڈا کے مشہور کافی برانڈ 'ٹم ہارٹنز' نے لاہور میں قائم اپنی پہلی آؤٹ لیٹ پر افتتاح کے دن اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ سیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں  مشہور زمانہ کینیڈین کافی برانڈ ” ٹم ہورٹنز ” کے افتتاح پر آوٹ لیٹ کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹم ہارٹنز پاکستان نےاوپننگ کے دن پر سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر چل رہی خبروں کے مطابق کافی شاپ نے دعویٰ کیا ہے کہ افتتاح کے روز ہی سب سے زیادہ سیل کا ریکارڈ قائم کر لیا۔‘ نئی کافی شاپ کے سامنے خریداروں کی طویل لائنیں رہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں کینیڈین کافی چین کی اولین برانچ کے باہر کے مناظر اور اس سے متعلق ملک کے خراب معاشی حالات اور غیرملکی کافی برانڈ کی شاپ کے باہر لگی قطاروں میں تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا ہم واقعی ڈیفالٹ ہوتا ہوا ملک ہیں؟‘

واضح رہے کہ کینیڈا میں 1964ء میں قائم کی گئی مشہور کافی اور بیکری برانڈ ’’ٹم ہورٹنز‘‘ نے پاکستان میں اپنی برانچ قائم کردی، ڈی ایچ اے لاہور کے فیز 6 میں پہلا اور فلیگ شپ آؤٹ لیٹ 11 فروری 2023ء کو کھول دیا گیا۔

کینیڈا کے مشہور برانڈ نے پاکستان میں کاروبار کا آغاز بلیو فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ خصوصی معاہدے کے تحت کیا، ٹم ہورٹنز کا دوسرا اور تیسرا اسٹور گلبرگ لاہور میں 18 اور 25 فروری سے سروسز کا آغاز کریگا۔

پاکستان میں فلیگ شپ آؤٹ لیٹ برانڈ کی اصل کینیڈین ڈیزائننگ سے متاثر ہوکر قائم کیا گیا ہے، یہ اسٹور پاکستان کی سب سے بڑی اور پہلی ڈرائیو تھرو کافی شاپ ہوگی، جس میں 150 سے زائد سیٹیں ہیں اور یہ 8 ہزار مربع فٹ پر محیط ہے۔

ٹم ہورٹنز کے عالمی شہرت یافتہ خصوصی مشروبات، بشمول فرانسیسی ونیلا اور آئسڈ کیپس، نیز بیکڈ اشیاء جیسے روایتی ڈونٹس جنہیں ’’ٹمبٹس‘‘ کہا جاتا ہے، سینڈوچ اور ریپ صارفی کیلئے دستیاب ہوں گے۔ 

مزیدخبریں